2 نومبر 2014 - 12:22
سعودی عرب نصاب کی کتاب میں قرآن کی آیت میں غلطی پر مسلمانوں میں شدید ناراضگی

سعودی عرب کے پرائمری اسکول نصاب میں چوتھی جماعت کی تجوید کی ایک کتاب میں قرآن مجید کی آیت واضح طور پر غلط تحریر کی گئی ہے، جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج جاری ہوئی ہے جس میں اس غلطی کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے بعد عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

سعودی عرب کی ویب سائٹ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی فوٹیج میں اس غلطی کو بے نقاب کیا گيا۔ اس فوٹیج میں نشاندہی کی گئی ہے کہ چوتھی جماعت کی تجوید کی کتاب میں سورۂ نحل کی تیسری آیت کی غلط کتابت کی گئی ہے۔

ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر سعودی نصاب تعلیم تیار کرنے والے شعبے اور آل سعود حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مقامی شہریوں نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غلطی کی اصلاح کے ساتھ ساتھ ایسے واقعات کے مستقل تدارک کے لیے عملی اقدامات کریں۔

مسلمانوں نے فوری طور پر اس غلطی کی اصلاح کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل سعود حکومت کو یقینی بنانا چاہیئے کہ مستقبل میں اس طرح کی غلطی کی تکرار نہ ہو۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں اسکولوں کے نصاب کی کتابوں میں قرآن مجید کی آیتوں ميں اس طرح کی غلطی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، بلکہ ماضی میں بھی اس طرح کے کئی واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
.......

/169